پنجاب حکومت کا مالی مشکلات کے شکار فنکاروں کی مالی معاونت کافیصلہ

اپ ڈیٹ 05 مئ 2020 08:48am
فائل فوٹو

لاہور:پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن کے باعث مالی مشکلات کے شکار فنکاروں کی مالی معاونت کافیصلہ کرلیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مستحق فنکاروں کیلئے مالی امداد کے پیکیج کی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت نے مستحق فنکاروں کیلئے مالی امداد کا پیکیج تیار کرلیا،جس کے تحت مستحق فنکاروں کو 15 سے 20 ہزار روپے تک مالی امداد دی جائے گی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت 3ہزار فنکاروں کی  مالی معاونت کرے گی،لاک ڈاؤن کے باعث دیگرطبقوں کی طرح فنکاروں کو بھی مالی مشکلات کا سامنا ہے ،تحریک انصاف کی حکومت کو فنکاروں کی مشکلات کا پورا احساس ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ مستحق فنکاروں کی انتہائی شفاف طریقے سے معاونت کریں گے،مالی مشکلات میں گھرے فنکاروں کو تنہانہیں چھوڑیں گے ،فنکاروں کی درجہ بندی کر کے انہیں جلد سے جلد امدادی رقم فراہم کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پیکج کے تحت یہ مالی امداد کوئی احسان نہیں بلکہ فنکاروں کا حق ہے جو ان کو فراہم کیا جا رہا ہے۔